ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: فوریسٹ زمین عوام کے لئے مہیا کرنے کے متعلق غورکیا جارہاہے: وزیر کوٹا شری نواس پجاری

بھٹکل: فوریسٹ زمین عوام کے لئے مہیا کرنے کے متعلق غورکیا جارہاہے: وزیر کوٹا شری نواس پجاری

Sat, 29 Jan 2022 20:44:20    S.O. News Service

بھٹکل:29؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) ساڑھے چھ تا سات لاکھ ہیکٹر زمین کی ڈیمڈ فوریسٹ علاقے کے طورپر نشان دہی کی گئی ہے۔ اس ڈیمڈ فوریسٹ والی زمین کو عوام کے لئے چھوڑنے کے متعلق کابینہ میں غورکیا جارہا ہے، اس بات کی جانکاری اترکنڑا ضلع نگراں کاروزیر کوٹا شری نواس پجار ی نے دی۔ وہ یہاں بھٹکل کے بیلکے گرام پنچایت حدود کے گورٹے میں سڑک کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد عوام سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نےکہاکہ فوریسٹ قوانین کے متعلق عام عوام کو ہی نہیں بلکہ عوامی نمائندوں اور نئے وکیلوں کو بھی سمجھانا کافی مشکل کام ہے۔ حکومت عوام کو کسی طرح کی پریشانی اور تکلیف نہیں دینا چاہتی، حکومت چاہتی ہے کہ عوام کے لئے ہرممکن تعاون فراہم  کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  اترکنڑا ضلع میں ای۔ جائیداد کا مسئلہ بھی اگلے چند دنوں میں حل ہوجائےگا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بسوراج بومائی کے ایک بیان کے متعلق کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت، عوامی نمائندے اور افسران کو چاہئے کہ وہ انتظامیہ کے لئے مسائل کا حصہ نہ بنیں بلکہ وہ مسائل کا حل تلاش کرنے والے بنیں۔ کوٹا سرینواس پجاری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیراعلیٰ کے اس بیان پر عمل کریں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

اس موقع پر ایم پی آننت کمار ہیگڈے، بھٹکل رکن اسمبلی سُنیل نائک و دیگر لیڈران موجود تھے۔


Share: